کراچی میں بارش کے باعث ٹریفک حادثات میں 2 افرادجاں بحق متعدد زخمی

ڈیفنس موڑ کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔


ویب ڈیسک June 13, 2014
بارش کے باعث شہر میں کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کئی روز کی شدید گرمی کے بعد گزشتہ رات سے ہی کراچی کے علاقے کورنگی، ڈیفنس، ناظم آباد، لیاقت آباد، لانڈھی، گلشن، فیڈرل بی ایریا اور نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مزید بارش کی توقع ہے۔

بارش سے پھسلن کے باعث ڈیفنس موڑ کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے جب کہ سپر ہائی وے پر دنبہ گوٹھ کے قریب گاڑی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ ناظم آباد گجر نالے کے قریب بھی گاڑی اور ٹرک میں تصادم ہوا جس کے باعث مزید 3 ٹرک بھی بے قابو ہو کر متاثرہ ٹرک سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہو گئے، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ قیوم آباد کے قریب بھی سبزی سے لدی ہوئی گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔

بارش کے باعث جہاں شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے تو وہیں مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش نے عوام کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا ہے اور مختلف علاقوں میں شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں