آئی سی سی وفد کی محسن نقوی سے ملاقات، چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر اظہار اطمینان

ویب ڈیسک  بدھ 27 مارچ 2024
آئی سی سی وفد کی قیادت کرس ٹیٹلے Chris Tetley نے کی (فوٹو: اسکرین گریب)

آئی سی سی وفد کی قیادت کرس ٹیٹلے Chris Tetley نے کی (فوٹو: اسکرین گریب)

 لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے آئی سی سی کے وفد نے ملاقات کی اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد کی قیادت کرس ٹیٹلے Chris Tetley نے کی، جس میں دیگر ارکان سارہ ایگرڈ اور عون زیدی بھی شامل تھے ۔

ملاقات میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کرانے کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی سی سی کے وفد نے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز میں دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے ، اس کے مطابق انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کر لیا جائے گا اور تمام دیگر ضروری امور بھی بر وقت مکمل کرلیے جائیں گے۔ چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے لیے پی سی بی کے عزم کا اعادہ کیا۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔