مسافروں کی کم تعداد کے باعث کراچی سے جانے والی کئی پروازیں منسوخ
بدھ کو کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی مختلف ایئرلائنز کی ایک درجن سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں
کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کے لوڈ میں بدستورکمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ایئرلائنز کو کئی پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔
ذرائع کے مطابق بدھ کو کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی مختلف ایئرلائنز کی ایک درجن سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، رمضان المبارک کے دوران طیاروں پرمسافروں کے کم لوڈ کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہورہی ہے۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں دوبین الاقوامی روٹ کی پروازیں شامل تھیں، ان پروازوں میں پی آئی اے کی کراچی سے ملتان کی پروازپی کے 330،ایئرسیال کی کراچی سے لاہورکی پروازپی ایف 121،ایئربلیو کی کراچی سے اسلام آباد کی پروازپی اے200 شامل تھی۔
اس کے علاوہ سیرین ایئرکی کراچی سے پشاورکی پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ قومی ایئرلائن کی شام 4بجے کراچی سے اسلام آباد کی پروازپی کے 368کو بھی منسوخ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایئربلیوکی کراچی سے دبئی جبکہ امارات ایئرکی کراچی سے بدھ کی شام 6بجے روانہ ہونے والی پروازای کے 607کو بھی منسوخ کیا گیا۔