سمندری طوفان کے باعث کراچی کے 500 سے زائد خاندان نقل مکانی پر مجبور

بم قاسم ٹاؤن کے ریڑھی گوٹھ، ڈبلہ گوٹھ اور لٹھ بستی کے 500 سے زائد گھروں میں 3، 3 فٹ تک پانی داخل ہوگیا


ویب ڈیسک June 13, 2014
سمندری طغیانی کے باعث کیٹی بندر بچاؤ بند میں 20 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس سے کئی دیہات زیر آب آگئے۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

سمندری طوفان نانوک نے ساحلی پٹی کے مکینوں کا گھروں میں رہنا اجیرن کردیا جس کے باعث بن قاسم ٹاؤن کے 500 سے زائد خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سمندری طوفان نانوک پاکستان کی حدودسے بہت دور ہے لیکن اس کی تباہ کاریوں کے اثرات کراچی تک محسوس کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ روز سے سمندر بپھرا ہوا ہے اور بے چین لہروں نے کراچی کے بن قاسم ٹاون کی ساحلی پٹی کے مکینوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ ریڑھی گوٹھ، ڈبلہ گوٹھ اور لٹھ بستی کے 500 سے زائد گھروں میں 3، 3 فٹ تک پانی داخل ہوگیا جس کے باعث متعدد خاندان محفوظ مقامات پرمنتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ساحلی پٹی پر ہزاروں خاندان برسوں سے آباد ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کبھی ان کی جان ومال کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔

دوسری طرف سمندری طغیانی کے باعث کیٹی بندر بچاؤ بند میں 20فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، جس سے احمد شولانی، احمد ملاح، سلیمان شولانی، صدیق شولانی اور قاصم ملاح سمیت 6 سے زائد دیہات زیر آب آگئے جب کہ شگاف کی بروقت اطلاع کے باوجود محکمہ آبپاشی کا عملہ نہ پہنچ سکا، جس کے باعث علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کرنے میں مصروف ہیں۔ ادھر کھارو چھان میں سمندر میں طغیانی کے باعث مسری بلوچ، اللہ ڈنو ملاح، طالب، حاجی موسیٰ سمو، حسن ملاح اور دیگر 12 سے زائد دیہات زیر آب آگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں