بھارتی فوجی نے کلکتہ ایئرپورٹ پر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی

فائرنگ سے ایئرپورٹ پر افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور فضائی آپریشن معطل ہوکر رہ گیا


ویب ڈیسک March 29, 2024
کلکتہ ایئرپورٹ پر فائرنگ سے افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور فضائی آپریشن معطل ہوکر رہ گیا، فوٹو: فائل

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ایک ایئرپورٹ کی سیکیورٹی پر مامور نیم فوجی دستے کے اہلکار نے اچانک خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کلکتہ ایئرپورٹ میں گولی کی آواز سے بھگدڑ مچ گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو جب تک معاملہ سمجھ آتا ہوائی اڈے پر معمولات معطل رہے اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکار گولی چلنے کے مقام پر پہنچے تو سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کانسٹیبل کو خون میں لت پت پایا جب کہ پاس ہی سرکاری رائفل بھی پڑی تھی۔

اہلکار کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج کانسٹیبل نے دم توڑ دیا جس کی کی شناخت ریاست تلنگانہ کے وشنو کے نام سے ہوئی۔ وشنو نے 2022 میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس میں شمولیت حاصل کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل کے کمرے کی تلاشی لی گئی لیکن کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا۔ تاحال خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ تفتیش کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں افسران کے ناروا سلوک، پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث فوجیوں میں خودکشی کا رجحان عام ہے اور اس ضمن میں کی گئی تحقیقات کو سرد خانے کی نذر کردیا جاتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں