حکومت پر قابض تھائی لینڈ کی فوج کا ملک بھر سے کرفیو اٹھانے کا اعلان

کرفیو کے خاتمے کا فیصلہ ملک میں امن و امان کی بہتر ہوتی صورت اور سیاحت کی بہتری کے لیے کیا گیا، تھائی فوجی حکومت


ویب ڈیسک June 13, 2014
تھائی فوج نے22 مئی کو اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے حکومت کو رخصت کردیا تھا۔ فوٹو؛اے ایف پی

تھائی لینڈ پر قابض فوجی حکومت نے ملک بھر سے کرفیو اٹھانے اور ایک ماہ میں نگراں حکومت کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری ٹی وی پر کرفیو کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ کرفیو کے خاتمے کا فیصلہ ملک میں امن وامان کی بہتر ہوتی ہوئی صورت حال اور سیاحت کی بہتری کے لیے گیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی روز سے ملک بھر میں بدامنی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس کے باعث کرفیو اٹھایا جا رہا ہےجب کہ 30 صوبوں میں پہلے ہی کرفیو ختم کردیا گیا تھا جبکہ آ ج باقی رہ جانے والے 47 صوبوں سے بھی کرفیو اٹھایا جارہا ہے۔

دوسری جانب تھائی فوج کے سربراہ جنرل پریوٹ چین چوا نے اعلان کیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران نگراں حکومت قائم کی جائے گی جس کا اختیارایک سال کے اندر انتخابی اصلاحات مکمل کرنا ہوگا جس کے بعد انتخابات کا اعلان کردیا جائے گا۔ آرمی چیف نے یقین دلایا کہ اگست کے اختتام یا ستمبر کے شروع میں نگراں حکومت کا اعلان کیا جائے گا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا نگراں کابینہ میں شامل وزرا فوجی ہونگے یا سویلین اور اس حوالے سے انہوں نے تفصیلات دینے سے بھی گریز کیا۔

واضح رہے کہ تھائی فوج نے22 مئی کو اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے حکومت کو رخصت کردیا تھا اور کسی بھی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے کرفیو نافذ کردیا گیا تھا ،فوجی کارروائی سے قبل تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہرے زور پکڑچکے تھے جب کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کافی عرصے سے احتجاج کر رہی تھیں جبکہ اس دوران جھڑپوں میں کئی افراد کو بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں