غزہ میں حماس سے جھڑپوں میں اسرائیلی کمانڈو ہلاک 16 فوجی زخمی

6 اہلکار شدید زخمی ہیں جن کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

6 اہلکار شدید زخمی ہیں جن کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس کے حملوں میں اپنے ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس نے خان یونس میں ناصر ہسپتال کے قریب ایگوز یونٹ کے کیمپ پر راکٹ فائر کیا جس سے کمانڈو ایلون کدریاشوف ہلاک ہوگیا جبکہ 16 فوجیوں زخمی ہوئے جن میں 6 اہلکار شدید زخمی ہیں جن کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

حماس کے ایک کارکن نے فوجی کیمپ کے طور پر استعمال ہونے والی عمارت کو راکٹ سے نشانہ بنایا۔ اس ہلاکت سے حماس کے خلاف اسرائیل کی زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 254 ہو گئی ہے۔


حماس نے واقعے کی فوٹیج بھی شائع کی، جس میں اس کے مجاہد کو عمارت پر آر پی جی لانچ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جہاں ایگوز کے دستے تعینات ہیں۔

علاوہ ازیں غزہ پر فلسطینی شہریوں کی گاڑی پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 5 بچوں سمیت کم از کم 8 افراد شہید ہوگئے۔

حماس کے میڈیا آفس نے بتایا کہ ایک مقامی پولیس افسر اپنے اہل خانہ کے ساتھ الشجاعہ محلے کی ایک پرہجوم سڑک پر موجود تھے جب ان کی کار پر میزائل فائر کیا گیا۔ حملے کی زد میں آکر آس پاس موجود متعدد راہگیر بھی شہید ہوگئے۔
Load Next Story