لاہور میں گھریلو تنازع پر فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

سید مشرف شاہ  اتوار 31 مارچ 2024
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 لاہور: سمن آباد کے علاقے رسول پارک میں گھریلو تنازع پر فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے کارروائی کے بعد فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو مردہ خانہ منتقل کر دیا، مرنے والوں کی شناخت ندیم، نازیہ اور سرفراز کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں عرفان اور رضیہ شامل ہیں۔

ایس پی اقبال ٹاؤن اخلاق الله تارڑ کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق ندیم کی سمن آباد گول چکر کے قریب رہائش پذیر سرفراز کے گھر سال قبل منگنی ہوئی تھی گزشتہ روز ندیم سرفراز کے گھر آیا جہاں جھگڑے کے بعد اس نے فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے سرفراز موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ عرفان اور 02 خواتین رضیہ اور نازیہ شدید زخمی ہوئیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں نازیہ دم توڑ گئی بعدازاں ندیم نے بھی واقعہ کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

اقبال ٹاؤن ڈویژن اخلاق الله تارڑ کے مطابق واقعہ میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔