خیبرپختونخوا میں بارش اور ژالہ باری سے 10 افراد جاں بحق

مرنے والوں میں 8 بچے اور دو خواتین شامل ہیں، پی ڈی ایم اے


ویب ڈیسک March 31, 2024
—فائل فوٹو

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی ایک رپورٹ کے مطابق تباہ کن بارش اور ژالہ باری کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تباہی سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 12 دیگر زخمی ہوئے۔

ملکی خبررساں ادارے 'اے پی پی' کے مطابق پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں حالیہ خراب موسم سے ہونے والے سنگین واقعات کی تفصیل بتائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ مرنے والوں میں 8 بچے اور دو خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 9 بچے، 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 27 میں سے 3 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 24 کو جزوی نقصان پہنچا، شانگلہ میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، دو مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بنوں میں مکان کو نقصان پہنچانے کے ساتھ 3 بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ باجوڑ میں بھی جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئیں، ایک خاتون اور ایک بچہ جاں بحق، دو زخمی، اور 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

پشاور میں مزید واقعات ریکارڈ کیے گئے جہاں تین افراد زخمی اور ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔ نوشہرہ میں تین افراد زخمی اور متعدد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

مانسہرہ میں ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی اور تین گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ مومند، مردان اور وزیرستان میں متعدد مکانات متاثر ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں