صنم جاوید اور عالیہ حمزہ پھر سے گرفتار
عدالت نے پی ٹی آئی کی دونوں رہنماؤں کا راہداری ریمانڈ منظور کر کے میانوالی پولیس کے حوالے کردیا
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو پولیس نے ایک بار پھر گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ضمانت منظور ہونے کے بعد صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو میانوالی پولیس نے گرفتار کر کے انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت میں پیش کیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، جس میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کا راہداری ریمانڈ مانگا۔ جس پر جج نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔
سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ نے عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں امن وامان کے حالات نہایت خراب ہیں، لیکن اسٹار پلس کی وزیراعلی اور انکی پولیس پچھلے 5 دنوں سے گرفتاری سے ہماری گرفتاری کے لیے دن رات جیل کے باہر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اتنا ڈر خوف کہ اپکی پوری مشینری ہمیں ہماری جماعت کو فکس کرنے مشغول ہے، 8 فروری کی اکثریت کو اپ اقلییت میں بدل چکے اب سینٹ کی سیٹس پر شب خون مارنے کی تیاری ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ خدارا حکمران عوام اور پاکستان کا سوچیں اور اپنی جھوٹی انا سے باہر آجائیں۔
عالیہ حمزہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا وجود عوام پاکستان عوام کی وجہ سے ہیں، پاکستانی عوام 8 فروری کو اپنا فیصلہ سنا چکی ہے۔