لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدم پیشی پر عدالت سے معافی بھی مانگ لی


April 01, 2024
فوٹو اسکرین گریپ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کی روشنی میں وارنٹِ گرفتاری منسوخ کیے۔عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری کی منسوخی کے لیے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

علی امین گنڈا پور کے وارنٹِ منسوخی کی درخواست وکیل ظہور الحسن نے عدالت میں دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ علی امین گنڈا پور نے کبھی جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہ ہونے سے گریز نہیں کیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ علی امین گنڈا پور انتخابی مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ علی امین گنڈا پور کے جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔ عدالت نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں