گٹر میں گرنے سے بچے کی ہلاکت عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور منتخب نمائندوں کو طلب کرلیا
عدالت نے ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام، میونسپل کمشنر سمیت دیگر کو بھی 6 اپریل کو طلب کرلیا
شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کھلے مین ہول میں بچہ گرنے کے کیس میں عدالت نے ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکام، ڈپٹی کمشنر ملیر اور منتخب نمائندوں کو طلب کرلیا۔
ماڈل ٹرائل عدالت ملیر نمبر ایک میں جاں بحق ہونے والے بچے محسن کے دادا غازی خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے بچے کی ہلاکت پر تمام افسران اور منتخب نمائندوں پر غفلت کا الزام لگایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 4 سال کا محسن 21 مارچ کو کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوا تھا، جس کے بعد 22 اے بی کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی تھی۔
عدالت نے افسران اور بلدیاتی نمائندوں کو خود پیش ہونے کا حکم دیا۔ ماڈل عدالت نے حکم دیا کہ ڈی سی ملیر، میونسپل کمشنر ابراہیم حیدری ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
اس کے علاوہ جج نے ٹاؤن چیئرمین ابراہیم حیدری شاہ لطیف، یو سی چیئرمین اور وائس چیئرمین کو بھی 6 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔