اسرائیل کو بھرپور جواب دینے کا حق رکھتے ہیں ایران

دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے 7، شام کے 2 اور لبنان کا 1 فوجی جاں بحق ہوا تھا

شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے 7، شام کے 2 اور لبنان کا 1 فوجی جاں بحق ہوا تھا (فوٹو: فائل)

شام کے دارالحکومت میں ایران کے سفارت خانے پر گزشتہ روز اسرائیل کی بمباری میں پاسداران انقلاب کے اہم کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم آج کمانڈر سمیت 11 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے تصدیق کی ہے کہ دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے میں اس کے دو سینیر کمانڈرز سمیت 7 ارکان ہلاک ہوگئے جن کی شناخت بھی ظاہر کردی گئی۔

ہلاک ہونے والوں میں شام اور لبنان میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی اور ان کے نائب بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی حاجی رحیمی کے علاوہ حسین امان اللہ، مہدی جلالاتی، محسن صداقت، اور علی آغا بابائی شامل ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : شام میں ایرانی قونصل خانہ پر اسرائیلی حملہ؛ پاسداران انقلاب کا کمانڈر ہلاک


دوسری جانب سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ہلاکتوں کی تعداد 11 بتاتے ہوئے کہا کہ ایرانی سفارت خانے سے ملحقہ عمارت پر اسرائیلی حملے میں 8 ایرانی ، 2 شامی اور ایک لبنانی فوجی ہلاک ہوا۔

ادھر شامی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نےکہا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے جس کا بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے بیان میں اسرائیل کو جوابی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر عالمی قیادت کی جانب سے سنجیدہ اور موثر رد عمل کا آنا بے حد ضروری ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی سفارتی قوانین کی خلاف ورزی اور سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی ہے۔


Load Next Story