عالمی بینک کی آئندہ مالی سال ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی کی پیشگوئی

رواں مالی سال ملکی جی ڈی پی 1.8فیصد رہنے کی توقع ہے، عالمی بینک

(فوٹو: فائل)

عالمی بینک نے آئندہ مالی سال 2024-25 کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی کی پیش گوئی کر دی ہے تاہم عالمی بینک کا کہنا ہے کہ اگلے تین سال کے دوران ملک کی جی ڈی پی کی شرح تین فیصد رہنے اور رواں مالی سال کے دوران 1.8فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ پاکستان میں 40فیصد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان ڈولپمنٹ آؤٹ لک جاری کر دیا ہے جس میں پاکستان کی جی ڈی پی اگلے 3 سال کے دوران 3 فیصد سے کم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

عالمی بینک کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 1.8 فیصد، سال 2025 میں 2.3 فیصد اور سال 2026 میں 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال زرعی شرح نمو 3 فیصد، سال 2025 میں 2.2 فیصد اور سال 2026 میں زرعی شرح نمو 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔


رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 26 فیصد جب کہ مالی سال 2025 میں 15 فیصد تک اور مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال صنعتی ترقی کی نمو 1.8 فیصد، مالی سال 2025 میں صنعتی ترقی 2.2 فیصد اور مالی سال 2026 میں 2.4 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ، رواں مالی سال مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 8 فیصد تک، مالی سال2025 میں 7.4 فیصد اور مالی سال 2026 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 6.6 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
Load Next Story