بجٹ منظوری سے پہلے ہی دوسرے ہفتے مہنگائی میں مسلسل اضافہ

22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں، آلو 2 روپے، ٹماٹر ساڑھے 4 روپے، چینی ایک روپے، پیاز 50 پیسے مہنگا ہوا


Numainda Express June 14, 2014
22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں، آلو 2 روپے، ٹماٹر ساڑھے 4 روپے، چینی ایک روپے، پیاز 50 پیسے مہنگا ہوا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وفاقی حکومت کی طرف سے آئندہ مالی سال 2014-15 کے وفاقی بجٹ میں اُٹھائے جانے والے ٹیکس اقدامات کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی شرح میں مسلسل اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش ہونے کے بعد آنیوالے دوسرے ہفتے کے دوران بھی ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان رہا ہے اور بجٹ کے بعد پہلے ہی ہفتے ملک میں مہنگائی شرح میں 0.04 فیصد اضافہ ہوا تھا جبکہ بارہ جون 2014 کو ختم ہونے بجٹ کے بعد آنے والے دوسرے ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس ایک ہفتے کے دوران ملک میں آلو، پیاز ،ٹماٹر،چینی اور دالوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئی ہیں۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں آلو دو روپے، ٹماٹر ساڑھے چار روپے، چینی ایک روپے فی کلو، پیاز پچاس پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں بارہ جون 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 22اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور24 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ بارہ جون 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک بھر میں آٹھ ہزار روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی(افراط زر) کی شرح میں 0.53 فیصد، آٹھ ہزار ایک روپے سے بارہ ہزارروپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی(افراط زر)کی شرح میں 0.50 فیصد، بارہ ہزارایک روپے سے اٹھارہ ہزار روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی(افراط زر) کی شرح میں0.52 فیصد،اٹھارہ ہزار ایک روپے سے 35 ہزار روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی(افراط زر)کی شرح میں 0.55 فیصد اضافہ ہے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں 35 ہزار روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی (افراط زر) کی شرح میں 0.59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 12 جون 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک بھر میں جن 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان میں ٹماٹر، آلو، پیاز، چینی، آٹا، گندم، سُرخ مرچ، سگریٹ، دال چنا، دال مسور، دال ماش اور ٹوٹا چاول سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں جبکہ جن سات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں دال مونگ،لہسن، زندہ چکن،انڈے،کھُلا ویجی ٹیبل گھی اورایل پی جی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں