ایشوریا رائے کی دبئی میں کروڑوں کی پراپرٹی کا انکشاف

ایشوریا رائے ہر فلم کے لیے بھارتی 10 سے 12 کروڑ روپے معاوضہ وصول کرتی ہیں


ویب ڈیسک April 04, 2024
ایشوریا رائے کا شمار بھارت کی صفِ اول اداکاراؤں میں ہوتا ہے : فوٹو : فائل

بالی ووڈ کی سُپر اسٹار ا ور سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن کی دبئی میں کروڑوں روپے مالیت کی پراپرٹی کا انکشاف سامنے آگیا۔

ایشوریا رائے کا شمار بھارت کی صفِ اول اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے انتہائی کم عرصے میں اپنی جاندار اداکاری اور نزاکت بھری اداؤں کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی ایک خاص پہچان بنائی ہے۔

دُنیا بھر میں شہرت رکھنے والی بچن خاندان کی اکلوتی بہو ایشوریا رائے بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، یہی وجہ ہے کہ اُنہوں نے بھارت سمیت دبئی میں بھی اپنی پراپرٹی بنا رکھی ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ایشوریا رائے بچن دبئی میں جمیرہ گالف اسٹیٹس میں ایک عالیشان گھر کی مالکن ہیں جس کی قیمت تقریباً بھارتی 15 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایشوریا رائے کی دولت کی مجموعی مالیت بھارتی 776 کروڑ روپے ہے جبکہ وہ اپنی ہر فلم کے لیے بھارتی 10 سے 12 کروڑ روپے معاوضہ وصول کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ ایشوریا رائے نے سال 2007 میں بھارت کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ جیا بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن سے شادی کی تھی اور سال 2011 میں اُن کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اس جوڑی نے آرادھیا رکھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں