ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی چائے سے والدہ اور پانچ بچے جاں بحق

چار بچے گزشتہ روز دم توڑ گئے تھے جن کی تدفین کردی گئی، آج بچی اور والدہ بھی دم توڑ گئے


ویب ڈیسک April 06, 2024
(فوٹو : فائل)

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہر خورانی کے واقعے میں چار بچوں کی ہلاکت کے بعد پانچویں بچی اور والدہ بھی جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں 520 گاؤں گ ب میں گزشتہ روز زہریلی چائے پینے سے چار بچے جاں بحق ہوئے تھے آج اس واقعے سے متاثرہ پانچویں بچی اقصیٰ الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں دم توڑ گئی ساتھ ہی بچوں کی والدہ نازیہ بی بی بھی جان کی بازی ہار گئیں۔

پولیس کے مطابق بچوں کے والد کے خلاف تھانہ صدر ٹوبہ میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے ملزم کی تلاش جاری ہے، اصغر آرائیں کا اپنی بیوی نادیہ کے ساتھ لڑائی جھگڑا ہوا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ جھگڑے کے بعد بیوی نے تنگ آکر اپنی اور بچوں کی چائے میں زہر ملادیا اور بچوں سمیت خودکشی کرلی۔

قبل ازیں چاروں بچوں، اقرا، مدیحہ، ثانیہ اور علی حسن کی نماز جنازہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ کے نواحی گاؤں 364 ج ب میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں مقامی ایم این اے اسامہ حمزہ سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ پانچویں بچی اقصیٰ کی نماز جنازہ بعد میں ادا کی جائے گی۔

چار بہن بھائیوں کی تدفین چک 364 گ ب گوجرہ میں کردی گئی، پانچویں بچی اقصیٰ کی تدفین پوسٹ مارٹم کے بعد کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔