کراچی شاہ لطیف میں 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے
مسلح ملزمان شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر20 بی میں واقع کریانہ اسٹور پر لوٹ مارکررہے تھے
شاہ لطیف ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد اور فائرنگ سے 2 ڈاکو زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ اوشاہ لطیف محمد مٹھل کے مطابق مسلح ملزمان شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر20 بی میں واقع کریانہ اسٹور پر لوٹ مارکررہے تھے کہ واردات ہوتا دیکھ کر شہری جمع ہوگئے۔
مسلح ڈکیتوں نے فائرنگ کرتے فرار ہونے کی کوشش تو ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔
دونوں ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑ لیا اورتشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا اس دوران ہجوم میں موجود مشتعل شہری کی فائرنگ سے دوسرا ڈکیت مجاہد بھی زخمی ہوگیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔ زخمی ملزمان کو فوری طورپراسپتال منتقل کردیا گیا جن کی شناخت 30 سالہ مجاہد اور30 سالہ اسدعلی کے نام سے کی گئی۔