صوبائی حکومت 4 برسوں میں 4 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرے گی وزیرخزانہ پنجاب

لگژری ٹیکس سے 3ارب روپےکی آمدنی متوقع ہے اوراس سےغریبوں کوآشیانہ ہاؤسنگ اسکیموں میں ریلیف دیں گے، مجبتنی شجاع الرحمان


ویب ڈیسک June 14, 2014
اشرافیہ اور امرا سے ٹیکس اکٹھا کرکے غریبوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے، صوبائی وزیرخزانہ فوٹو: آن لائن

KARACHI: پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے پر پنجاب حکومت 4 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کردے گی۔

لاہور میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ مالی سال 15-2014 کے بجٹ کا 10 کھرب 44 ارب روپے سے زائد اور یہ رواں مالی سال کے بجٹ سے 15فیصد زائد ہے۔ جس میں ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 345ارب روپے لگایا گیا ہے جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 17فیصد زائد ہے۔ تعلیم کے لئے نئے بجٹ میں 274 ارب روپے جبکہ صحت کے لئے 121ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ،پبلک آرڈر اینڈ سیفٹی کے لئے 11 ارب 32 کروڑ، ریسکیو 1122 کے لئے 3ارب 18 کروڑ ، پولیس کے لئے 81 ارب 68 کروڑ ، محکمہ صحت کے لئے 53ارب 74 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ رکھا گیا ہے۔

وزیر خزانہ پنجاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال عائد کئے گئے لگژری ٹیکس پر کئی افراد کی درخواستوں پر عدالتوں نے حکم امتناعی جاری کردیا تھا جس کی وجہ سے محصولات کی وصولی کم رہی تاہم اس مرتبہ ایسے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں جن کے تحت صوبائی حکومت اپنے مقدمے کا مضبوطی سے دفاع کرسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کا عام آدمی پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا بلکہ یہ عام آدمی کا بجٹ ہے۔ پراپرٹی ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدنی عام آدمی کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ ہوتی ہے اور ہماری قیادت کا وژن ہے کہ اشرافیہ اور امرا سے ٹیکس اکٹھا کیا جائے اور اسے غریبوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے ۔ لگژری ٹیکس سے 3ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے او ریہ رقم آشیانہ ہاؤسنگ اسکیموں میں غریبوں کو ریلیف دینے کے لئے استعمال میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں