پی ٹی آئی کی چیئرمین ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن روکنے کی درخواست الیکشن کمیشن سے جواب طلب

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا ہے


ویب ڈیسک April 08, 2024
جمہوری دور میں پہلی بار سینیٹ غیرفعال ہوئی ہے، کور کمیٹی پی ٹی آئی:فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن روکنے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کردیے۔


چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے پانچ سینیٹرز ڈاکٹر زرقا سہروردی، فلک ناز، فوزیہ ارشد، سیف اللہ نیازی اور سیف اللہ ابڑو کی جانب سے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔


پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے مطابق سینیٹ اراکین کی کل تعداد 96 ہے جس میں تمام صوبوں کی یکساں نمائندگی ہے۔ سینیٹ میں خیبرپختونخوا سے 23 اراکین کی تعداد پوری نہیں۔ الیکشن کمیشن نے خیبر پختوانخواہ میں سینیٹ انتخاب ملتوی کئے ہیں۔ چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ایوان کے اراکین کی تعداد پوری کرنے تک ملتوی کردیا جائے۔

رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کا کیس پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، خیبر پختونخوا سینیٹ نشستوں کے الیکشن کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے ہی رجوع کیا جائے۔

شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا وہاں پر الگ معاملہ ہےیہ مخصوص نشستوں کا مسئلہ تھا، الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو نشستیں دینے سے انکار کیا، سنی اتحاد کونسل نے اس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، بعد میں معاملہ سپریم کورٹ چلا گیا الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے پر خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کردیے۔


انہوں نے کہا تمام صوبوں کی سینیٹ نشستوں کی تعداد برابر ہے، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کردیا گیا ہے ، اب باقی صوبوں اور اسلام آباد میں سینیٹ الیکشن ہوگئے ہیں ، خیبر پختونخوا میں ملتوی کردیے گئے ہیں ۔ اب خیبرپختونخوا کے سینیٹر کے بغیر کل چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہونے جا رہا ہے، کل الیکشن ہے اگر روک دیا جائے تو بہتر ہوگا ، عید کے بعد ہوجائیں تو کیا حرج ہے۔


بعد ازاں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ اس ضمن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے آرڈر جاری کیا۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے خلاف سیکرٹری سینیٹ کو بھی درخواست جمع کرادی۔ درخواست پر سینیٹر زرقا تیمور، سیف ابڑو، فلک ناز چترالی، فوزیہ ارشد اور سیف اللہ نیازی کے دستخط موجود ہیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کور کمیٹی کے ذرائع کے مطابق ہاؤس آف فیڈریشن نامکمل ہے اور خیبرپختونخوا میں سینیٹرز کا انتخاب کئے بغیر چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آئینی اسکیم کے بھی خلاف ہے۔ کمیٹی کے مطابق چیئرمین کی غیر موجودگی میں سینیٹ غیر فعال ہے اور چیئرمین سینیٹ کے بغیر ایوان بالا صرف ایک ڈپارٹمنٹ کی حد تک محدود ہوگیا ہے۔ جمہوری دور میں پہلی بار سینیٹ غیر فعال ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں