لبنان اسرائیل کے فضائی حملے میں حزب اللہ کے کمانڈرز سمیت 3 افراد جاں بحق

اسرائیل حزب اللہ کو حماس کا معاون و مددگار سمجھتا ہے اور متعدد بار حملوں کی دھمکی دے چکا ہے

اسرائیل حزب اللہ کو حماس کا معاون و مددگار سمجھتا ہے اور متعدد بار حملوں کی دھمکی دے چکا ہے، فوٹو: فائل

اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے کمانڈرز کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 اہم کمانڈرز اور ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے فضائی حملے میں حزب اللہ کی ایک اہم فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے جس میں بڑے پیمانے پر مالی اور جانی نقصان ہوا ہے۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے فضائی حملے میں حزب اللّٰہ کے کمانڈر وسام الطویل اور فیلڈ کمانڈر علی احمد حسین کو نشانہ بنایا گیا جب کہ تیسرے کی شناخت نہیں ہوسکی۔


اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ حزب اللّٰہ کے یہ کمانڈر اسرائیل اور فوجیوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کے ٹھکانوں کا پتا لگا کر حملہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے حزب اللہ پر حماس کا معاون اور مددگار ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ حزب اللہ کے ہر ذمہ دار کمانڈر کو نشانہ بنائیں گے چاہے وہ کسی بھی ملک میں رہ رہا ہو۔

اسرائیل نے نہ صرف لبنان بلکہ شام میں حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا ہے۔ دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ کیا تھا جس میں پاسداران انقلاب اہم کمانڈرز ہلاک ہوگئے تھے۔

 
Load Next Story