وزیراعلیٰ سندھ کا عیدالفطر پر قیدیوں کی سزا میں معافی کا اعلان
سزا معافی کا اطلاق قتل، جاسوسی، بغاوت، ریاست مخالف اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے جرم میں سزا یافتہ قیدیوں پر نہیں ہوگا
وزیراعلیٰ سندھ نے عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 120دنوں کی خصوصی معافی کی منظوری دے دی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے منظوری آئی جی جیل خانہ جات کی درخواست پر دی ہے، آئی جی جیل خانہ جات نے اپنے مراسلہ میں کہا کہ قیدیوں کی سزا معافی کا خصوصی اختیار وزیراعلیٰ کے پاس ہے، جیل خانہ جات قوانین 2019 کے رول 788 کے تحت قیدیوں 120 دن کی سزائیں معاف کی جاسکتی ہے۔
سزا معافی کا اطلاق قتل، جاسوسی، بغاوت، ریاست مخالف سرگرمی، دہشت گردانہ سرگرمی کے جرم میں سزا یافتہ قیدیوں پر نہیں ہوگا، جبکہ زنا ، اغوا/اغوا ،ڈکیتی ، غیر ملکی ایکٹ 1946 کے تحت سزا یافہ ، منشیات کے جرائم میں ملوث قیدی بھی معافی کے حقدار نہیں۔
علاوہ ازیں مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں پر بھی سزا میں اس خصوصی رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سزا میں خصوصی معافی سے مستفید ہونے والےقیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔