وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین اب تک کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
صوبے میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بحالی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر اسفندیار کاکڑ نے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے بحالی منصوبوں میں تاخیر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین اب بھی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ بحالی منصوبوں میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا کے لیے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا اتفاق رائے سے انتخاب جمہوری رویوں کا عکاس ہے۔