ٹیکس چوروں کی نشاندہی مکمل عید کے بعد موبائل سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ
ایف بی آر کی جانب سے ملک میں ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور اس سلسلے میں عید کے بعد موبائل سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے 20 لاکھ ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرلی ہے، تاہم موبائل کمپنیوں نے درخواست کی کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں موبائل سمیں بلاک کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی ہیں، جس پر عید کے بعد پہلے مرحلے میں ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کی 5 لاکھ سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی مشاورت سے 4 لاکھ انڈر فائلرز کی شناخت کر لی گئی ہے۔ یہ ایسے افراد ہیں جنہوں نے قابل ٹیکس آمدن ہونے کے باوجود اپنے ریٹرنز فائل نہیں کیے۔ اس حوالے سے ایف بی آر عید الفطر کے بعد انکم ٹیکس جنرل آرڈر (آئی جی ٹی او) جاری کرے گا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایسے افراد کو نوٹس بھی بھیجے تھے لیکن ان کی جانب سے پھر بھی ریٹرنز جمع نہیں کروائے گئے۔ ایک لاکھ نان فائلرز کی شناخت ایف بی آر کے براڈننگ ٹو ٹیکس بیس سے کی گئی ہے اور ان کی سمز کو بھی بلاک کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایف بی آر، پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان تفصیلی بات چیت کے بعد اس فیصلے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔