وزیراعظم کا امیرِ قطر ترک اور یو ای اے صدور کو فون دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

شہباز شریف کی دعوت پر امیر قطر نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا


ویب ڈیسک April 09, 2024
فوٹو فائل

وزیراعظم نے امیر قطر اور ترکیہ کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے عید کی مبارک باد پیش کی اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی۔


وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں قریبی کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔


شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت کی۔


دوران گفتگو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور پاکستانی قوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے امیرِ قطر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی گئی، جس پر امیر قطر نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔


ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔


بعد ازاں وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کر کے عید کی پیشگی مبارک باد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پاکستان اور ترک عوام کے لیے امن، خوشحالی اور اتحاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔


دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ بنیادی قومی مفادات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ گفتگو میں فلسطین میں قیام امن پر بھی زور دیا۔


وزیراعظم نے صدر اردوان کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ جس اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے ساتواں اجلاس بھی منعقد ہونے کے کی امکانات بھی روشن ہو جائیں گے ۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آلنہیان کو ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کے پر مسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔ گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین موجود قریبی تقافتی، مذہبی اور تاریخی تعلقات کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے اپنے انتخاب کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے خصوصی نیک خواہشات کا ذکر کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سے شکریہ ادا کیا اور اپنی حکومت کے پاک-امارات تعلقات کو روایتی دیرینہ برادرانہ تعلقات سے باہمی طور پر مفید معاشی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شیح محمد بن زاید آلنہیان نے پاکستان کیلئے متحدہ عرب امارات کی حمایت و تعاون کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو جلد پاکستان دورے کی دعوت دی، متحدہ عرب امارات کے صدر نے بھی وزیرِ اعظم کو امارات کے دورے کی دعوت دی اور دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے مزید فروغ کیلئے آپسی روابط کو باقائدگی سے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منائی گئی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں