کراچی ڈکیتی مزاحمت پر میجر سعد شیخ کو شہید کرنے والا اسٹریٹ کرمنل گرفتار

ملزم عثمان عرف چٹیا کو مقابلے کے بعد شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، ایس ایس پی کیماڑی


طحہ عبیدی April 09, 2024
فوٹو: فائل

کیماڑی میں پولیس مقابلہ کے دوران میجر سعد شیخ کو شہید کرنے والا اسٹریٹ کرمنل کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کے مطابق اسٹریٹ کرمنل کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، ملزم کے دوسرے ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مذکورہ اندھے قتل کا مقدمہ ضلع کیماڑی پولیس کیلئے ایک چیلنج تھا، سفاک ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس ایس پی کیپٹن (ر) فیضان علی کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دی گئی جس نے 9 روز انتھک محنت اور جائے وقوعہ سے ملحقہ تمام علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد ملزمان کا سراغ لگایا۔

واقعے میں ملوث ایک ملزم کی آج سائٹ ایریا میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم عثمان عرف چٹیا کے قبضے سے آلہ قتل ایک عدد پستول بمعہ راونڈز برآمد کرلیا گیا۔

ملزم نے دوران تفتیش میجر سعد شیخ پر فائرنگ کا اعتراف کرتے ہوئے واردات کے روز اسکا الطاف نامی ساتھی ہمراہ تھا، دوران واردات میجر سعد شیخ کی جانب سے مزاحمت کرنے پر انہوں نے فائرنگ کی اور اپنی موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے، بعد ازاں کچھ فاصلے پر راہگیر سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے۔

تحقیقات کے مطابق ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والا پستول ہی میجر سعد شیخ پر فائرنگ میں استعمال ہوا تھا، ملزم سے برآمدہ اسلحہ کو فرانزک ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھیجا جارہا ہے، ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ حب میں کمپنی کمانڈر تعینات سعد شیخ 31 مارچ کو گلبائی کے راستے افطاری کرنے سپرہائی وے جارہے تھے کہ راستے میں مسلح ملزمان نے سعد شیخ سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر سعد شیخ کو تین سے چار گولیاں مار کر زخمی کردیا تھا، وہ پانچ روز نجی اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گزشتہ روز پیر کو دم توڑ گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔