بھارت میں کیرالہ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں عیدالفطر 11 اپریل کو ہوگی

کیرالہ میں ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ریاست کے مختلف شہروں میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا کل(10 اپریل) عید ہوگی


ویب ڈیسک April 09, 2024
نئی دہلی کے امام نے اعلان کیا کہ عید 11 اپریل کو ہوگی—فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت اکثر ریاستوں میں شوال کا چاند نظر نہیں جہاں عدالفطر 11 اپریل کو ہوگی جبکہ ریاست کیرالہ میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوگئی ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد اور فتح پوری مسجد کے اماموں نے شوال کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کیا اور عیدالفطر 11 اپریل 2024 کو منائی جائے گی۔

ریاست کرناٹکا میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور بنگلور میں ریاست کرناٹکا کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے مولانا مقصود عمران نے آگاہ کیا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بعد نماز مغرب امیر شریعت مولانا صغیر احمد خان کی سربراہی میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کرناٹکا کے مختلف علاقوں اور دیگر قریبی ریاستوں کے بڑے شہروں لکھنئو، دہلی، پھلواری شریف، آسام اور کولکتہ میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

کرناٹکا کی رویت ہلال کمیٹی نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ یکم شوال 11 اپریل 2024 کو ہوگا اور 10 اپریل کو 30 واں رمضان المبارک ہوگا۔

حیدرآباد میں صدر مجلس علمائے دکن کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ عیدالفطر جمعرات کو ہوگی اور کل آخری روزہ ہوگا۔

ریاست کیرالہ کی ہلال کمیٹی کے چیئرمین محمد مدنی نے اعلان کیا کہ ریاست کے شہر پونانی میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا 10 اپریل کو عیدالفطر منائی جائے گی۔

دوسری جانب قاضی کوڈ کے قائم مقام سربراہ قاضی سفیر سخافی نے بھی اعلان کیا کہ کل عید ہوگی، ان کے علاوہ پاناکھڈ سید صادق علی شہاب تھنگل نے بھی کل عید الفطر منانے کا اعلان کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔