ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

اسلام آباد و تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے اجتماعات، ملکی سلامتی، امت مسلمہ اور فلسطین کیلیے دعائیں

فوٹو : فائل



ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ سے منائی جا رہی ہے۔ مساجد اور کھلے مقامات میں نماز کے بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا ہے۔

وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، گاؤں، دیہات اور قصبوں میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ تمام علاقوں کی جامع مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر عید الفطر کی نماز کے روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں نمازِعید کا بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد میں ہوا، جہاں رابطہ عالمِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے نمازِ عید الفطر پڑھائی۔

نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر باہمی رنجشوں کو بھلا کو عید سعید کی مبارک باد پیش کی۔

عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہنے کے لیے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔


صدر مملکت کا عیدالفطر پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خوشی کے دن پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ دعا گو ہوں کہ یہ دن ہمارے لیے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے۔


انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمیں رمضان المبارک کی سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئیں۔ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے، معاشرے کے محروم طبقات کے لیے ایثاروقربانی کا دن ہے۔ ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں ، یتیموں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔
آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بہ حیثیت قوم رکاوٹیں دور کرنے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ اخوت ، رواداری ، سماجی و معاشی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اسرائیل کا ظلم، جارحیت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا چاہیے۔ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کے لیے اپنی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

 

وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام


وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کی مناسبت سے قوم اور امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی رمضان المبارک کی عبادات کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کے لیے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے، معاشرے میں اپنے معاشی طور پر کمزور بہن بھائیوں کو انکی خوشیاں دوبالا کرنے میں مدد کرنے کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجود ایسے لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شامل کریں جو معاشی طور پر کمزور ہیں۔

وزیراعظم نے عید الفطر کے موقع پر پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے ملک کے امن اور سلامتی کےلیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری دنیا کے مسلمانوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ غاصب قوتوں کے ہاتھوں ظلم و جبر کا شکار اپنے نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

Load Next Story