چھٹکارا پائیں ان نوٹیفکیشنز سے

آن لائن گیمز کھیلنے کی دعوتوں سے نجات حاصل کرنے کا طریقہ

آن لائن گیمز کھیلنے کی دعوتوں سے نجات حاصل کرنے کا طریقہ۔ فوٹو : فائل

ہمارے معاشرے میں جہاں اور بہت سے غلط اور تکلیف دہ رویے پائے جاتے ہیں وہیں ایک رویہ اپنا شوق دوسروں پر مسلط کرنے کا بھی ہے۔

یہی رویہ سوشل میڈیا کی سائٹس پر بھی نظر آتا ہے۔ مثلاً فیس بک پر ایسے یوزرز بہت بڑی تعداد میں ہیں جو بڑے ذوق وشوق سے آن لائن گیمز کھیلتے ہیں اور ساتھ ہی اپنے فرینڈلسٹ میں موجود افراد کو دن میں کئی کئی مرتبہ اپنا پسندیدہ گیم کھیلنے کا انویٹیشن بھیجتے ہیں۔ اکثر لوگوں کو یہ گیمز کھیلنے اور ان کے نوٹیفیکیشنز سے چڑ ہوتی ہے، لیکن وہ ان سے پیچھا نہیں چھڑا سکتے۔ آئیے! ہم آپ کو ان انویٹیشنز سے جان چھڑانے کا طریقہ بتاتے ہیں۔


آن لائن گیمز کے نوٹیفکیشنز سے نجات پانے کے لیے سب سے پہلے آپ اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لاگ ان ہوں۔ اپنے پیج کے اوپر دائیں جانب بنے تکون پر کلک کریں اور وہاں سے سیٹنگز کا انتخاب کیجیے۔ کلک کے نتیجے میں سیٹنگز کا صفحہ کھل جائے گا۔ سیٹنگز کے صفحے پر بائیں جانب موجود ''بلاکنگ'' کے بٹن کو کلک کریں اور اگلی اسکرین پر دو آپشنز میں سے ایک کا انتخاب کریں۔ یعنی اب یہ آپ پر ہے کہ آپ کسی خاص دوست کی جانب سے ملنے والی ایپلیکیشن انوائٹ کو بلاک کردیں یا پھر کسی خاص ایپلیکیشن ہی کو بلاک کردیں۔

مثال کے طور پر اگر آپ کا دوست ''الف'' آپ کو آن لائن گیم Candy Crush کا نوٹیفکیشن بھیجتا ہے، تو آپ پہلے آپشن میں اس کا نام لکھیں اور اگر آپ کو بہت سے دوست Candy Crush کھیلنے کا نوٹیفکیشن بھیج رہے ہیں تو آپ دوسرا آپشن استعمال کرتے ہوئے اس ایپلی کیشن ہی کو بلاک کردیں۔

یقیناً اس طریقے پر عمل کرنے کے بعد آپ کو دردسر بنے رہنے والے آن لائن گیمز کے نوٹیفیکشنز سے ہمیشہ کے لیے نجات مل جائے گی۔
Load Next Story