لال بینڈ کا ایف بی پیج دو روز کی بندش کے بعد بحال

پی ٹی اے نے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا، تیمور رحمن


June 15, 2014
گروپ کے فیس بک پیج پر مداحوں کی تعداد 4 لاکھ سے زیادہ ہے۔ فوٹو : فائل

لاہور: موسیقی کے ذریعے سماجی ناانصافیوں اور عدم مساوات کے خلاف آواز اٹھانے والے پاکستانی گروپ ''لال بینڈ'' کا فیس بک پیج دو روز کی بندش کے بعد بحال کردیا گیا۔

لال بینڈ کا پیج ماہ رواں کے اوائل میں دو روز کے لیے بلاک کردیا گیا تھا۔ گروپ کے روح رواں تیمور رحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کے صارفین کے ان کے پیج تک رسائی سے محروم ہونے کے بعد انھوں نے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی سے رابطہ کیا، لیکن وہاں سے انھیں کوئی تسلی بخش جواب نہ ملا۔

اس حوالے سے تیموررحمٰن کہتے ہیں،''میں نے کہا کہ مجھے کوئی کچھ بتائے کہ آپ نے بین کردیا، کوئی نوٹیفیکیشن نہیں بھیجا۔ کیا غلطی ہوئی۔۔۔۔ کچھ بتائیں۔ تو انھوں نے کہا کہ آپ درخواست دیں ہم بتادیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آپ کے خلاف باہر سے شکایت آئی ہے۔ میں نے پوچھا کہ کیا پی ٹی اے کے باہر سے؟ تو انھوں نے کہا ہاں، پھر میں نے درخواست دے دی۔'' اس درخواست کے نتیجے میں لال بینڈ کا دو روز سے بند پیج آخرکار کھول دیا گیا۔

واضح رہے کہ لال بینڈ نے فیض احمد فیض اور حبیب جالب کا کلام کو آواز اور سُروساز کے ذریعے عوام تک پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا جسے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ اس گروپ کے فیس بک پیج پر مداحوں کی تعداد چار لاکھ سے زاید ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔