جامعہ بلوچستان کے ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر عید کے روز بھی دھرنا جاری
جامعہ بلوچستان کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر عید الفطر کے روز بھی دھرنا جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اساتذہ تاحال تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجاً سریاب روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ احتجاج کے دوران جامعہ بلوچستان کے اساتذہ و ملازمین نے نماز عید کے بعد یونیورسٹی سے سریاب روڈ تک مارچ کیا۔
جامعہ کے ملازمین و اساتذہ نے یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر رکن بلوچستان اسمبلی پرنس عمر احمد زئی نے یونیورسٹی ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے میں شرکت کی۔
صدر اکیڈمی اسٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تنخواہوں کی ادئیگی نہ کرکے یونیورسٹی ملازمین اور ان کے بچوں کو عید کی خوشیوں سے محروم رکھاگیا ہے۔ حکمرانوں کو یونیورسٹی ملازمین اور ان کے بچوں کا احساس نہیں ۔ یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنروں کی پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔