اسرائیل کو سفارتخانے پر حملے کی سزا دی جائے گی آیت اللہ خامنہ ای

اگر ایران نے اپنی سرزمین سے حملہ کیا تو اسرائیل اس کا جواب دے گا اور حملہ کرے گا، اسرائیلی وزیرخارجہ

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ سفارت خانے پر حملہ ہماری سرزمین پر حملہ ہے—فوٹو: رائٹرز

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر کیے گئے حملے کی سزا اسرائیل کو ملے گی۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے رمضان کے اختتام کے حوالے سے ایک تقریب میں خطاب کے دوران کہا کہ قونصل خانے پر حملہ ہماری سرزمین پر حملہ ہے، ظالم حکومت نے غلطی کی ہے اور اس کی سزا ملنی چاہیے اور ایسا ہوگا۔

اسرائیل کے وزیرخارجہ اسرائیل کاٹز نے آیت اللہ خامنہ ای کے بیان کے بعد ردعمل میں کہا کہ اگر ایران اپنی سرزمین سے حملہ کرتا ہے تو اسرائیل اس کا جواب دے گا اور ایران میں حملہ کرے گا۔


خیال رہے کہ یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر بم حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 7 عہدیدار ہلاک ہوگئے تھے اور ایران نے اس کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا تھا۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی غزہ جنگ کے بعد صورت حال مزید خراب ہوگئی ہے جبکہ ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے بھی متعد مرتبہ اسرائیل کے حملوں کا جواب دیا ہے۔

غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک 33 ہزار 360 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے میں 1200 اسرائیلی مارے گئے تھے۔
Load Next Story