ہانگ کانگ میں رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے 5 افراد ہلاک

کوولون میں 16 منزلہ عمارت میں آتشزدگی سے 35 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 6 کی حالت تشویش ناک ہے، حکام

حکام کے مطابق واقعے میں 35 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 6 کی حالت تشویش ناک ہے—فوٹو: رائٹرز

ہانگ کانگ کے ضلع کوولون میں کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے 5 افراد ہلاک اور 35 جھلس کر زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کوولون کی فائر سروس اور ہسپتال حکام نے بتایا کہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 5 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے ہیں۔

ہانگ کان کے نشریاتی ادارے آر ٹی ایچ کے نے رپورٹ کیا کہ 16 منزلہ عمارت میں پھنسے افراد امداد کے لیے پکار رہے تھے اور آگ عمارت میں قائم جم میں لگی تھی۔

عمارت پر آتشزدگی کے بعد انتظامیہ نے اس طرف آنے والے راستے بند کردیے، جس کے نتیجے میں ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔

سٹی گورنمنٹ نے بتایا کہ عمارت سے 150 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم 40 افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو جان لی نے کہا کہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد پہنچائی جائے جبکہ حکومت کے مختلف محکمے آگ لگنے کی وجوہات کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمرشل مرکز کے افسران کے رہائشی علاقے جورڈن میں آگ کی شدت شہر کے 5 گریڈ سسٹم کے تحت تیسرے درجے کی تھی جو صبح 8 بج کر 54 بجے شروع ہوئی تاہم فائر سروس کے پہنچنے کے ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تھا۔

ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویش ناک ہے۔

ہانگ کانگ کی فائر سروس کے ترجمان نے بتایا کہ آتشزدگی کا ایک اور واقعہ شمالی علاقے میں ایک عمارت میں پیش آیا جہاں فائر فائٹرز 15 گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے میں تاحال کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
Load Next Story