خوشی ایک ایسی ذہنی کیفیت ہے جو مختلف عمل یا رویوں کے ذریعہ پیدا کی جاسکتی ہے۔لوگ اسے دوسروں سے حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر درحقیقت یہ انسان کے اپنے اختیار میں ہوتا ہے کہ وہ کیسے اور کب خوشی کو حاصل کرنے کی کوشش کرے ۔ آج آپ کو خوشی کشید کرنے کے چند آسان طریقے بتاتے ہیں۔
پہلی کنجی: شکریہ کی ڈائری
خوشی کی ایک اہم کنجی شکر گزاری کی مشق کرنا ہے۔ روانہ کچھ وقت نکال کر ان چیزوں پر غور کرنا ، جن کے لیے ہم شکر گزار ہیں، ہماری توجہ کو اس چیز سے ہٹا دیتا ہے جو ہمارے پاس نہیں ہے، بلکہ ان چیزوں کی طرف لے آتا ہے جو ہمارے پاس ہے۔ شکریہ کی ایک ڈائری مرتب کرنا، جس میں ہم روازنہ ان تین چیزوں کو لکھیں کہ جن کے لیے شکر گزار ہوں ، ہمیں زندگی کے لیے مثبت نظریہ اپنانے میں مدد دے سکتا ہےاور ہمارے خوشی کے احساس کو بڑھا سکتا ہے۔
دوسری کنجی: تعلقات کی آبیاری
خوشی کا ایک اور اہم پہلو بامعنی اور دیرپا تعلقات کو پروان چڑھانا ہے۔ دوسروں کے ساتھ جڑنا اور مضبوط سماجی بندھن بنانا ہماری جذباتی اور ذہنی صحت کے لیے ضروری ہے ۔اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزارنا ، بامقصد بات چیت میں مشغول ہونا، دوسروں کو سہارا دینا اور رشتوں کو اہمیت دینا ہماری زندگیوں میں بہت زیادہ خوشی اور اطمینان کا سکتا ہے ۔
تیسری کنجی: مشغلہ اپنانا
جو سرگرمیاں ہمیں خوشی اور اطمینان دیتی ہیں، ان میں مشغول ہونا بھی خوش رہنے کے لیے ضروری ہے۔ چاہے وہ کوئی شوق ہو، قدرت کے ساتھ وقت گزارنا ہو یا کوئی تخلیقی سرگرمی ہو، جو کچھ ہمیں پسند ہے اسے کرنا ہمارے موڈ کو خوش گوار بنا سکتا ہے اور ہمارے اچھا محسوس کرنے کے احساس کو بڑھا سکتا ہے۔ ہمارے جذبات اور دلچسپیوں کے مطابق سرگرمیوں میں وقت گزارنا ہمیں ایک مقصد اور اطمینان کا احساس دے سکتا ہے ۔
چوتھی کنجی: زمانہ حال پر مکمل توجہ مرکوز کرنا
خوشی بڑھانے کا ایک نہایت طاقتور طریقہ مائنڈ فلنس Mindfulness کی مشق کرنا ہے. اس کا مطلب ہے مکمل طور پر زمانہ حال میں یا موجودہ لمحے میں موجود ہوکر اپنے جذبات Emotions ، خیالات Thoughts اور حسیات Senses پر مکمل توجہ مرکوز کرنا۔اس کے لیے کئی مشقوں کا سہارا لیا جاسکتا ہے جیسے گہری سانس لینے کی مشق یا چند لمحے اپنے اردگرد موجود خوبصورتی کی قدر کرنا۔ اس طرح کی مشقیں دباؤ اور فکر کو کم کرتی ہیں۔
پانچویں کنجی: ہدف کا تعین کرنا
زندگی میں بامعنی اہداف کا تعین کرنا اور ان کو پانے کی سعی کرنا بھی ہماری خوشی کے لیے نہایت اہم ہے۔ اہداف ہمیں زندگی میں مقصد اور راہ دکھاتے ہیں اور شخصی ترقی کے لیے متحرک کرتے ہیں۔ چاہے وہ نئی مہارت سیکھنا ہو، کیریئر کے مقصد کو پیش نظر رکھنا ہو یا اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا ہو ، ہداف کا تعین اور ان کی تکمیل تک پہنچنے کی کوشش ہمیں اطمینان دیتی ہے۔
درحقیقت، خوشی وہ شے ہے جو کوئی دوسرا ہمیں نہیں دے سکتا، بلکہ یہ وہ ذہنی کیفیت ہے جو ہم اپنے خیالات ، اعمال یا رویوں کی بدولت زندگی میں پیدا کرتے ہیں ۔ شکر گزاری، بامقصد تعلقات کی آبیاری ، دلچسپیوں میں مشغولی، مائنڈ فلنس اور مثبت اہداف کے تعین کے بعد ان کے تکمیل کی کوشش, ان تمام طریقوں کی مدد سے ہم اپنی خوشی اور اطمینان کو بڑھا سکتے ہیں اور ایک ایسی زندگی جی سکتے ہیں جو زیادہ بامعنی اور پر لطف ہو۔