صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر میر سید غلام مصطفی شاہ نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں بس مسافروں سمیت 11 افراد کے قتل پر اظہار مذمت کیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے میں قومی شاہراہ 40 پر نامعلوم افراد نے 2 واقعات میں 9 مسافروں سمیت 11 افراد کو قتل کردیا تھا اور تمام مقتولین کا تعلق پنجاب سے تھا۔
صدر مملکت کا اظہار مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوشکی میں مسافروں کے بے رحمانہ قتل کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے ہاتھوں مسافروں کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، پوری قوم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مسترد کرتی ہے، سیکیورٹی فورسز پوری قوم کی مدد سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کا اظہار مذمت
چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سانحہ نوشکی پر مذمت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی و سرائیکی مزدوروں کو ماضی میں بھی دہشتگروں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نہتے، معصوم، بےگناہ مزدوروں کا نوشکی میں بہیمانہ قتل انتہائی لرزہ خیز واردات ہے، وزیرِاعلیٰ بلوچستان مظلوموں کیساتھ انصاف کو یقینی بناتے ہوئے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کا اظہار مذمت
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر میر سید غلام مصطفی شاہ نے ضلع نوشکی میں بس مسافروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کرنے کے اندوہناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس اندوہناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ملکی خبررساں ادارے 'اے پی پی' کے مطابق اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے مقتولین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور دہشتگردی کا نشانہ بننے والے مسافروں کیلئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر میر سید غلام مصطفی شاہ نے کہا ہے کہ دکھ اور درد کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔