ایران کا اسرائیل پر حملہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس اسرائیل کے مطالبے پر طلب کیا گیا


April 14, 2024
ایران نے شام میں اپنے سفارت خانے پر حملے کے جواب میں اسرائیل پر تابڑ توڑ حملے کیے، فوٹو: فائل

ایران کے اسرائیل پر ڈرونز حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ''ایکس'' پر اقوام متحدہ نے مشرق وسطیٰ میں تیزی کے ساتھ بدلتی صورت حال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ اعلان اسرائیل کے اقوام متحدہ سے ایران کے حملے کی مذمت کے لیے فوری طور پر اجلاس منعقد کرنے کے بیان بعد سامنے آیا ہے جس میں ایران کے اسرائیل پر حملے کو کھلی جارحیت قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل پر مزید حملوں سے متعلق ایران کے آرمی چیف کا بیان سامنے آگیا

اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مندوب گیلاد اردان نے سلامتی کونسل سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ایران کی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب چین، روس، متحدہ عرب امارات، قطر اور امریکا سمیت دیگر ممالک نے ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر تحمل سے کام لینے پر زور دیا۔

یہ خبر پڑھیں : ایران کا اسرائیل پر حملہ، 300 سے زائد ڈرونز اور بیلسٹک میزائل فائر کردیے

ادھر ایرانی وزارت خارجہ نے امریکا کو سوئس سفارت خانے کے ذریعے پیغام بھیجا ہے کہ اسرائیل کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا اور مزید حملوں کا ارادہ نہیں رکھتے البتہ اُس طرف جارحیت ہوئی تو جوابی کارروائی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کا اسرائیل پر حملہ؛ فلسطینیوں کا مسجد اقصیٰ کے باہر جشن

دوسری جانب اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ ایران کے خلاف جوابی کارروائی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ہم نے کامیاب دفاع کیا اور اب بھرپور جواب دیں گے۔ جو ہمیں نقصان پہنچائے گا ہم اسے نہیں چھوڑیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔