علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

15 تا 21 اپریل2024

15 تا 21 اپریل2024

برج حمل
سیارہ مریخ
21 مارچ تا20اپریل
اس ہفتے آپ کے خانۂ مال میں یورنیس اور مشتری کا قران ہورہا ہے۔ اچانک مالی فائدہ نقصان ہوسکتا ہے۔ آپ کا ذاتی سیارہ ایسی حالت میں ہے کہ جہاں سے اسپتال، جیل، مشکلات اور بیرون ملک کے معاملے متحرک کررہا ہے کسی بھی قسم کے منفی خفیہ لین دین سے دور رہیں۔ بیرون ملک جانے کے لیے کوشاں افراد کو کام یابی مل سکتی ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ
21اپریل تا 20 مئی
کوئی پرانا کیس جس کا تعلق زمین یا مکان سے ہے تازہ ہوسکتا ہے، جس کی وجہ سے کورٹ کچہری اور جیل جانا پڑسکتا ہے۔ آپ خطرات میں کود پڑنے والے فیصلے سوچ سمجھ کے کیجیے گا، کیوںکہ آپ کی زبان کی لغزش آپ کے لیے مسائل لاسکتی ہے۔ پرانا وعدہ، چیک یا معاہدہ گلے پڑ سکتا ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد
21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ دھند میں لپٹا ہوا ہے یا آپ کو دوستوں کی سمجھ نہیں آنی یا دوستوں کو آپ کی سمجھ نہیں آنی۔ ایسے میں کوئی مہربان بغل میں چھری لیے بھی ہوسکتا ہے۔ اپنے مزاج کو جارحانہ ہونے سے بچائیں۔ اس ہفتے مالی حوالے سے کوئی اچھی امید بھی لازم ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر
22جون تا 23 جولائی
اس ہفتے آپ خود کو بہتر توانائی میں محسوس کریں گے، لیکن کچھ لمحات ایسے بھی آسکتے ہیں جب آپ کے کیریئر، سنیئرز کے ساتھ اور دفتر کے امور میں کوئی ایسا معاملہ ہوسکتا ہے جو متعلقہ امور میں آپ کو الجھا اور چکرا کے رکھ دے، مالی امور میں محتاط رہیں، پیسے کی آمد کم اور جانا زیادہ ہے۔ بزرگوں کی صحت کا بھی خیال رکھیں۔

برج اسد
سیارہ شمس
24جولائی تا 23 اگست
آپ کے اعلٰی تعلیم، لمبے سفر، بیرون ملک سے متعلق کام، بزرگوں اور لمبی منصوبہ بندی سے متعلق کاغذی کارروائی میں مشکل آسکتی ہے اور آپ کو مالی الجھن یا نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔ آپ کا معدہ متاثر ہوسکتا ہے۔ زخم یا انفیکشن آپ کے نظامِ انہضام کو متاثر کرسکتا ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد
24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ عطارد آمدن اور آپ کے بیرون ملک سے متعلق امور کے سیارے کے ساتھ حالتِ قران میں ہے۔ چاند کی سعد نظرات اس ہفتے کی ابتدا میں مالی فائدے کی امید دلاتی ہیں۔ازدواجی ساتھی کے ساتھ تلخی کا اندیشہ موجود ہے۔ ایسے میں ساتھی کی صحت اور مزاج دونوں گرم ہوسکتے ہیں۔


برج میزان
سیارہ زہرہ
24 ستمبر تا 23اکتوبر
کسی دوسرے شخص کی وجہ سے جو ممکن ہے اجنبی ہو یا بیرون ملک سے ہو اور آپ کے قریبی افراد اس سے ناآشنا ہیں، آپ کے پہلے تعلق میں خرابی آسکتی ہے۔ محبت کے پھول تک رسائی سے قبل کانٹے چبھ سکتے ہیں۔ ایسے وقت میں باہر سفر کے راستے کھل سکتے ہیں۔ ایسے وقت میں آپ ذہنی طور پر الجھے دکھائی دیتے ہیں اور ساتھی کا رویہ بھی آپ کے لیے تکلیف دہ ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو
24 اکتوبر تا 22 نومبر
اس ہفتے کی ابتدا میں ہی بیرون ملک، اعلٰی تعلیم اور بیرون ملک سے جڑے امور میں کی گئی کاوشیں نتیجہ خیز ہوں گی۔ آپ کا سیارہ محبت کے خانے میں ہے اور محبت کا سیارہ شادی جیسے بندھن کے گھر میں، لیکن یہاں فی الفور شادی جیسے بندھن میں بندھنے کے حوالے سے کچھ تاخیر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ساتھی اور شریکِ حیات کے ساتھ تلخی ہوسکتی ہے۔

برج قوس
سیارہ مشتری
23 نومبرتا 22 دسمبر
کاروبار میں اچانک اتار چڑھاؤ کا اندیشہ موجود ہے۔ آپ زیادہ سوچ بچار سے کوئی فیصلہ کرنے سے گریز کریں۔ ذہن الجھا ہوا رہ سکتا ہے۔ آخری تین ایام میں دل پر بوجھ ، مزاج کی برہمی اور دل شکستگی جیسی کیفیت ہوسکتی ہے۔ ایسے میں کاروبار کے حوالے سے کوئی بڑا قدم غلط ہوسکتا ہے۔ صبر سے کام لیں۔ اولاد اور محبوب کے بارے غلط فہمیاں جنم لے سکتی ہیں۔

برج جدی
سیارہ زحل
23 دسمبر تا 20 جنوری
بیرون ملک سے یا کسی اجنبی سے آپ کو کوئی ایسی آفر مل سکتی ہے جس کی وجہ سے آپ سفر کی تیاری کرنے لگیں یا رہائش تبدیل کریں، لیکن مشورہ ہے کہ ایک ہفتہ مزید فیصلہ نہ کریں، کیوںکہ ایسا قدم بعد میں پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔ معدے اور دماغ دونوں متاثر ہیں، آرام اور خوراک پر توجہ دیں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس
21 جنوری تا 19 فروری
ازدواجی تعلق میں بگاڑ، ساتھی کی صحت خراب یا کسی وجہ سے دوری ہونے کا امکان موجود ہے۔ سفر ہوسکتا ہے اور سفر میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ کوشش کریں کہ دوران سفر اپنے سامان اور جیب کا خیال رکھیں، رہائش گاہ یا سونے کا کمرا تبدیل ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون
20 فروری تا 20 مارچ
مالی فائدہ تو ضرور ہوگا لیکن کچھ غیرمتوقع حالات کی وجہ سے کچھ نقصان کا بھی اندیشہ ہے۔ آپ کا لہجہ دوسروں کو سخت لگ سکتا ہے یا انہیں شکایت ہوسکتی ہے کہ آپ سچ نہیں بول رہے۔ یہاں اپنی کھانے پینے کی چیزوں کے صحت بخش ہونے کا یقین ضرور کرلیں۔
Load Next Story