عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بعد حکومت کے خلاف بھرپور تحریک شروع کریں گے اور اسی سال نواز شریف گھر جائیں گے یا چھا جائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے حکام نےہوش کے ناخن لیتے ہوئے ٹرین مارچ کے لئے 300 سیٹیں دے دی ہیں 20 جون کو ٹرین مارچ صبح 8 بجے شروع ہوگا اور اگر حکومت نے مارچ کو روکنے کی کوشش تو پشاور سے لاہور کے درمیان 15 اسٹیشنز پر دھرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین گجرات میں اور حامد ناصر چٹھہ وزیرآباد میں ٹرین مارچ کااستقبال کریں گے جب کہ کامیاب ٹرین مارچ کے لئے تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے حمایت کرنے پر مشکور ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ 23 جون کو علامہ طاہر القادری کا بھرپور استقبال کیا جائے گا تاہم حکومت کومشورہ دیتا ہوں کہ طاہرالقادری کےاستقبال کو روکنےکی کوشش نہ کرے، اگر ایسا کیا گیا تو حکومت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے گردشی قرضوں کے نام پر 480 ارب روپے اپنے لوگوں کو دیئے جب کہ بجلی مہنگی کرنے کی انتہا کردی جس کے بعد تاثر ملتا ہے کہ حکومت کو کسی سے نہیں بلکہ اپنے وجود سے خطرہ ہے۔ شیخ رشید نے پیپلزپارٹی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ریٹیلرپارٹی تھی اور موجودہ حکمران ہول سیلر ہیں۔