الیکشن کمیشن نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق خان کی عام انتخابات میں کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے 21 اپریل کو دوبارہ پولنگ کا اعلان کردیا۔
صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 51 چمن سے عبدالخالق خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پی بی 51 چمن کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ 21 اپریل کو ہوگی اور ری پول کے بعد پی بی 51 کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل، دوبارہ پولنگ کا فیصلہ
واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 51 سے عبدالخالق خان 20ہزار 390 ووٹ لے کرکامیاب ہوئے تھے۔ ان کے مقابل اے این پی کے اصغر اچکزئی 19ہزار 623 ووٹ لےکر ہار گئے تھے، جس کے بعد پی بی 51 سے ہارنے والے امیدواروں نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا اور الیکشن کمیشن نے 6 مارچ کو 12 پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی بی 51 کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر 21 اپریل کو صبح 8 بجے سے شام 5 تک پولنگ ہوگی۔