الخدمت فاؤنڈیشن کی بارش و سیلاب سے متاثر ہزاروں افراد کیلیے امدادی سرگرمیاں

پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے علاوہ متاثرین کو کھانا، پانی، بستر، خیمے، ترپال اور ہیلتھ یونٹ فراہم کیے جا رہے ہیں

الخدمت رضاکاروں کی بڑی تعداد متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کی کارروائیوں میں مصروف ہے

الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک میں بارش و سیلاب سے متاثرہ ہزاروں افراد کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔


الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے تحت بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کوریسکیوکے بعدمحفوظ مقامات پرپہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران متاثرین کو تیارکھانا، صاف پانی،بستر،خیمے، ترپال اور مچھردانیاں فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ ایمبولینس،میڈیکل ہیلتھ یونٹ اور رضاکاروں کی بڑی تعداد متاثرین کو ریسکیوکے بعدریلیف فراہم کررہی ہے۔



چیئرمین ڈیزاسٹرمینجمنٹ ومرکزی نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اعجاز اللہ خان کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں خیبرپختونخوااور بلوچستان کی سیلابی صورتحال،نقصانات اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کاجائزہ لے کر مرکزی،ریجنل، اضلاع کی ڈیزاسٹرمینجمنٹ ٹیموں کوالرٹ کردیاگیاہے۔


الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوااور بلوچستان کے ریجنل دفاترمیں ایمرجنسی سیل قائم کردیے گئے ہیں، جہاں ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظرفوری اقدامات کاسلسلہ جاری ہے۔


بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مکانات گرنے، لینڈ سلائیڈنگ، برفباری کی وجہ سے متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اورکئی علاقے زیرآب ہیں،کئی شہر اور بستیاں سیلاب میں ڈوب چکے ہیں۔


الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکارتمام متاثرہ اضلاع میں ریسکیواور ریلیف سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علاقائی اور ضلعی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہو کر ریلیف اور ریسکیو میں حصہ لے رہی ہیں۔گھروں،مساجداور دیگرمقامات میں داخل ہونے والے پانی کی نکاسی کے لیے پمپ استعمال کیے جا رہے ہیں۔

Load Next Story