شمالی وزیرستان میں پاکافغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے7دہشت گرد ہلاک

توقع ہے افغان حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئےاپنی سرزمین دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونے دے گی،آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک April 17, 2024
سیکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا—فائل: فوٹو

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 16 اپریل کو پاک-افغان سرحد پر ضلع شمالی وزیرستان کے غلام خان میں اسپنکئی کے شہری علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کے گروپ کا سراغ لگایا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دراندازوں کو گھیر لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے بچائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدیں محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں