راولپنڈی اسلام آباد میں روٹی کی سرکاری قیمت پر نان بائیوں کی مکمل ہڑتال

شہری روٹی نان پراٹھہ سے محروم، ناشتے کے بغیر کام کاج پر جانے پر مجبور

شہری روٹی نان پراٹھہ سے محروم، ناشتے کے بغیر کام کاج پر جانے پر مجبور

ڈپٹی کمشنر کی طرف سے روٹی کی قیمت میں کمی اور نان بائی قائدین کی گرفتاریوں کے خلاف جڑواں شہروں کے نان بائیوں نے ہڑتال کر کے تنور بند کر دیے جس سے شہری روٹی نان پراٹھہ سے مکمل محروم ہوگئے اور ناشتہ میں شدید مشکلات کا سامنا کیا۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی طرف سے روٹی کی قیمت 20 روپے سے کم کر کے 16 روپے اور نان کی قیمت 20 روپے مقرر کرنے، تندوروں کے چالان ، بھاری جرمانوں اور قائدین کی گرفتاریوں کے خلاف نان بائی 3 روزہ ہڑتال پر چلے گئے جس سے تندور بند ہوگئے۔


تندوروں کی بندش سے شہری ناشتہ کرنے میں مشکلات کا شکار رہے۔ بڑی تعداد میں شہری بغیر ناشتہ کے دفاتر اور طلبہ اسکول گئے جبکہ اکثریت نے ڈبل روٹی اور پاپوں پر گزارہ کیا۔

سیکرٹری جنرل نان بائی ایسوسی ایشن خورشید قریشی کا کہنا ہے ابتدائی طور پر یہ ہڑتال 3 روزہ ہے اس میں اضافہ بھی ممکن ہے ، ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا 16 روپے 2019 کا ریٹ ہے جب آٹا 850 روپے کا تھا ، اب آٹا 12 ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں 1 ہزار فیصد اضافہ ہوچکا ہے، ایک طرف روٹی کی قیمت 4 روپے کم اور دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمت 8 روپے بڑھا دی گئی ہے، یہ کمی واپس لی جائے وگرنہ طویل دورانیے کی ہڑتال پر جاسکتے ہیں ۔
Load Next Story