شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ خوشی سے نہیں مجبوری میں کیاوزیردفاع

وزیراعظم نوازشریف ایوان اور قوم کو اعتماد میں لینے کے لیے آپریشن پر پالیسی بیان دیں گے،وزیردفاع

مذاکرات کو آپشن کے طور پر خلوص کے ساتھ استعمال کیا، وزیردفاع ، فوٹو:فائل

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ خوشی سے نہیں مجبوری میں کیا جبکہ کسی کی ایما پر آپریشن کرنے کا تاثر سراسرغلط ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی سے ملکی معیشت کو103 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا،ثابت ہوگیا کہ 80 کی دہائی میں کیے گئے فیصلے قوم کو مہنگے پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ خوشی سے نہیں مجبوری میں کیا جبکہ کسی کی ایما پر آپریشن کرنے کا تاثر سراسرغلط ہے۔


دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت نے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں 4 سے 6 ماہ لگائے اور اسے ایک آپشن کے طور پر خلوص کے ساتھ استعمال کیا تاہم اس میں ناکامی کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا بھی یہی خیال تھا کہ مذاکرات کو آپشن کے طور پر استعمال کیا جائے تاہم اس میں ناکامی ہوگئی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف ایوان اور قوم کو اعتماد میں لینے کے لیے آپریشن پر پالیسی بیان دیں گے۔
Load Next Story