ملک کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بھی شمالی وزیرستان آپریشن کی حمایت کردی

ملکی بقا، سلامتی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے دہشتگردوں کیخلاف فوجی کارروائی درست فیصلہ ہے، رہنماؤں کا بیان

آپریشن "ضرب عضب " کی حمایت میں سندھ اسمبلی میں متفقہ طور پر قرار داد منظور فوٹو: رائٹرز/فائل

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کے فیصلے پر ملکی سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک پیج پر آگئیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں قیام امن اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے فوجی کارروائی ضروری تھی تاہم ہم نے ملکی سلامتی،بقا ، حساس تنصیبات کے دفاع اورشہریوں کے جان ومال کے تحفظ کی خاطر ہی فوجی آپریشن کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے اپنے مفاد کے لئے نہیں بلکہ پاکستان کودہشت گرد عناصرسے نجات دلانے کے لئے حکومتی فیصلے کے تحت بھرپورآپریشن شروع کیا۔


الطاف حسین نے تمام سیاسی و مذہبی قیادت پر زور دیا کہ یہ وقت مصلحت پسندی کا نہیں بلکہ ملکی بقا اورسلامتی کے لئے مسلح افواج اوران کی کارروائی کی حمایت کرنے کاہے تاکہ ملک کو دشمن دہشت گرد عناصرسے پاک کیاجاسکے۔ انہوں نے چاروں صوبوں کی حکومتوں سے اپیل کی کہ صوبائی حکومتیں بھی اپنے اپنے صوبوں میں دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں سے شہریوں اورتمام اہم مقامات کومحفوظ رکھنے کیلئے بھرپور اقدامات کریں۔


پیپلزپارٹی نے بھی " آپریشن ضرب عضب " کی حمایت کرتے ہوئے پاک فوج کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا، چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان آپریشن کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اب دما دم مست قلندر ہوگا اور پیپلز پارٹی پاک فوج کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔



دوسری جانب تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں بھی پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن کی حمایت کی گئی۔عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن اور ملکی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد کور کمیٹی نے آپریشن " ضرب عضب " کی حمایت کی منظوری دی۔


ادھر عوامی تحریک ، جماعت اسلامی، جماعت الدعوۃ اور دیگر جماعتوں نے بھی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی حمایت کی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند مزاحمت کے بجائے ہتھیار ڈال دیں، عام شہریوں کو نشانہ بنانے اور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔


عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ویڈیو لنک کے ذریعے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کرنا ہر شہری پر شرعی طور پر فرض ہوچکا ہے، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور موجودہ حالات میں پوری قوم ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہے۔


جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کا شمالی وزیرستان آپریشن کے حوالے سے کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جماعت الدعوۃ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر میں قیام امن کے لئے آپریشن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔


ادھر سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم اورپیپلزپارٹی کی جانب سےشمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن " ضرب عضب " کی حمایت میں پیش کی گئیں قرار دادیں ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرار دادوں میں کہا گیا کہ حکومت نے دہشت گردوں سے مذاکرات کی ہر ممکن کوشش کی لیکن دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیوں سے باز نہ آئے جس کے بعد آپریشن کرنا مجبوری بن گیا۔

Load Next Story