چینی سائنسدانوں نے پھولوں کی مدد سے دنیا کا پہلا ہیرا تیار کرلیا
ہیرے کو مقامی پھولوں میں موجود کاربن ایٹمز کی مدد سے تیار کیا گیا ہے
چینی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ایک مقامی پھول میں موجود کاربن ایٹمز کی مدد سے دنیا کا پہلا ہیرا تیار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی سائنس دانوں نے مقامی پھول red peonies کے کاربن ایٹمز کی مدد سے 3 قیراط کا ہیرا تیار کیا ہے۔ یہ ہیرا اپنی نوعیت کا پہلا ہیرا ہے جسکی نقاب کشائی چین کے صوبے ہینان کے شہر لویانگ میں کی گئی۔
اس ہیرے کو Luoyang Time Promise Co کمپنی نے تیار کیا ہے اور اسے لویانگ نیشنل پیونی گارڈن کو عطیہ کیا گیا ہے۔ کمپنی مصنوعی ہیروں میں مہارت رکھنے کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں پیونی گارڈن کی انتظامیہ نے کمپنی کو یہ ہیرا بنانے کے لیے اپنے باغ میں سے مخصوص پھول فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ ان پھولوں میں تقریباً 50 سال پرانا peony بھی شامل تھا۔
کمپنی کے سی ای او وانگ جینگ نے کہا کہ ہیرے کی قیمت 300,000 یوان ہے۔ یہ ہماری بایوجینک کاربن ٹیکنالوجی کا نتیجہ ہے جس میں اعلی درجہ حرارت اور دباؤ کا استعمال کیا جاتا ہے۔