سندھ حکومت کا پنک بس سروس کا کرایہ دو ماہ کیلیے معاف کرنے کا اعلان
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی، پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کراچی میں خواتین کے لیے مخصوص پیپلز پنک بس سروس کے دو نئے روٹس کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں سینئر وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ شرجیل میمن ، ناصر حسین شاہ، مرتضیٰ وہاب، سلمان مراد اور دیگر بھی موجود تھے۔
فریال تالپور نے پنک بس سروس کے نئے روٹس کے آغاز پر شرجیل انعام میمن اور سندھ حکومت کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آسان سفر کی سہولیات صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے محفوظ اور آرام دہ سفر خواتین کیلئے سندھ حکومت کا تحفہ ہے، خواتین کے لیے سہولیات کی فراہمی اور خواتین کو با اختیار بنانے سے ترقی اور خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے اس موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کے لیے دو مہینے کیلئے پنک بس سروس مفت چلانے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں فریال تالپور نے پنک بس سروس کی 4 خواتین ڈرائیورز کو لائسنس دیئے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس کے نمبر R-3 اور R-9 ہیں، پنک بس سروس روٹ R-3 پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی سے ناصر جمپ کورنگی تک اور دوسرا روٹ R-9 گلشنِ حدید سے ٹاور تک ہے، دونوں نئے روٹس پر مجموعی طور پر 10 نئی پنک بسیں چلائی جارہی ہیں۔