پاکستان اور ایران کا دہشت گرد تنظیموں پر پابندی عائد کرنے کا اصولی فیصلہ

ملاقات میں دونوں ممالک میں موجود قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے اور اُن کی جلد وطن واپسی پر اتفاق


ویب ڈیسک April 22, 2024
فوٹو اے پی پی

پاکستان اور ایران نے دہشت گرد تنظیموں پر پابندی عائد کرنے اور جیلوں میں موجود قیدیوں کے جرمانے معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی کی ملاقات ہوئی جس میں سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، اسمگلنگ، بارڈر منیجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستانی زائرین کیلئے سہولتوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، پاکستانی قوم ایرانی صدر اور انکے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرتی ہے۔

اہم ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے مل کر ہی نمٹا جاسکتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے باہمی معاونت کو مزید بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو کی اور دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط کرنے جبکہ اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ اقدامات سے زائرین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب کو ایران کے دورے کی دعوت دی اور بتایا کہ اس موقع پر عراقی ہم منصب کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے دورہ ایران پر ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ ملاقات میں دونوں ممالک میں موجود قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے اور اُن کی جلد وطن واپسی پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میرا مقصد ہے کہ ان قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو۔

پاکستان اور ایران نے بارڈر مینجمنٹ ، اسمگلنگ اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دونوں اطراف بارڈر مارکیٹوں کے کو جلد از جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ دونوں ممالک کیلئے معاشی نقصان کا باعث ہے، اس کی روک تھام اور بارڈر منجمنٹ سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی روابط کو فروغ ملے گا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے بارڈر کی فینسنگ کے حوالے سے بہترین کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی بنیاد پر ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےاور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر وزیرداخلہ نے کہا کہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے حقوق کیلئے تمام مسلم ممالک کو ملکر کام کرنا ہو گا انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایرانی حکومت کا شکریہ کیا۔

ایرانی ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں