سی او او کی تقرری کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے لگا

سہیل اشرف کو پی سی بی یا سی ڈے ای میں اہم ذمہ داری ملے گی

سہیل اشرف کو پی سی بی یا سی ڈے ای میں اہم ذمہ داری ملے گی (فوٹو: فائل)

پی سی بی میں نئے سی او او کی تقرری کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے لگا۔

محسن نقوی نے چیئرمین بننے پر پی سی بی کیلیے پنجاب حکومت سے 3 افسران کی خدمات 2 سالہ ڈیپوٹیشن پر حاصل کی تھیں، ان میں سے 2 تو مختلف ذمہ داریاں سنبھال چکے مگر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کو تاحال ریلیز نہیں کیا گیا، بعض اعلیٰ شخصیات کے اختلافات اس کی وجہ بنے تھے البتہ اب برف پگھلنے لگی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کے آفیسر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کو جلد پنجاب حکومت سے ریلیز کیا جا سکتا ہے، البتہ ان کا پی سی بی میں ہی آنا ففٹی ففٹی ہوگا کیونکہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد کی سربراہی سونپنے پر بھی غور جاری ہے۔


یہ بھی پڑھیں: پی سی بی میں اکھاڑپچھاڑ شروع، الیکشن کمیشن اور اسکروٹنی کمیٹی تحلیل

سہیل اشرف کو سلمان نصیر کی جگہ چیف آپریٹنگ آفیسر بنانے کا ارادہ تھا جنھیں کوئی اور ذمہ داری سونپی جاتی، البتہ اگر آئین میں تبدیلی ہوئی تو سہیل اشرف سی ای او بھی بن سکتے تھے، البتہ اب اس حوالے سے چند روز میں کوئی فیصلہ ہوگا۔

وزیر داخلہ بننے کے بعد محسن نقوی کی مصروفیات بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں، ایسے میں پی سی بی میں ایک ایسے افسر کی شدت سے ضرورت محسوس کی جا رہی ہے جو اہم فیصلوں کا مجاز ہو، نئے چیئرمین نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بورڈ میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا، مگر اب تک صرف چند انہی بڑے افسران کو فارغ کیا گیا جنھیں سابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے ملازمت پر رکھا تھا، البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر شعبوں میں بھی مناسب وقت پر تبدیلی ہو گی۔
Load Next Story