فٹبال ورلڈ کپ کے میچ میں جرمنی نے پرتگال کا قلعہ مسمار کردیا

جرمنی کی جانب سے تھومس مولر نے 3 گول کرکے اپنی اور اس ورلڈ کپ کی پہلی گول ہیٹ ٹرک کی


ویب ڈیسک June 16, 2014
پرتگال کی ٹیم میچ کے دوران جرمنی کے سامنے پوری طرح بے بس نظر آئی اور جرمن کھلاڑیوں نے اس کی ایک نہ چلنے دی۔ فوٹو: اے ایف پی

SAO PAULO: فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ ''جی'' کے میچ میں جرمنی نے پرتگال کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔

برازیل کے شہر سلواڈور میں کھیلے گئے میچ کی ابتدا سے ہی جرمنی نے اپنی گرفت مضبوط رکھی اور اس کی جانب سے پہلا گول تھومس مولر نے 12ویں منٹ میں کیا، پرتگال ٹیم کی پے درپے غلطیوں اور میچ پر کمزور گرفت نے جرمنی کو دوسرے گول کا موقع 32ویں منٹ میں اس وقت دیا جب میٹس ہملز نے بال کو گول پوسٹ کی راہ دکھا کر جرمنی کی برتری 2 گول کی کردی، جرمنی کے کھلاڑیوں کے سامنے پرتگال کے رونالڈو بھی بے بس نظر آئے اور پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں تھومس مولر نے اپنا دوسرا اور جرمنی کا تیسرا گول کرکے جرمنی کو پرتگال پر نفسیاتی برتری دلادی اور میچ کا پہلا ہاف 0-3 پر ختم ہوا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں بھی جرمنی نے اپنا جارحانہ کھیل نہ چھوڑا اور پرتگال کی ایک نہ چلنے دی، جرمنی کے جارحانہ کھیل کے سامنے پرتگال نے دفاعی انداز اپنانے کو ترجیح دی جس کا خمیازہ اسے اس وقت بھگتنا پڑا جب تھومس ملر نے 78ویں منٹ میں اپنی اور اس عالمی کپ کی پہلی گول ہیٹ ٹرک مکمل کرکے جرمنی کی فتح کو یقینی بنادیا اور یوں جرمنی نے یہ مقابلہ صفر کے مقابلے میں 4 گول سے اپنے نام کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں