شیر افضل کے بجائے حامد رضا چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نامزد

اپوزیشن اراکین کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، چئیرمین پی اے سی کے لیے حامد رضا کا نام تجویز


ویب ڈیسک April 24, 2024
اپوزیشن اراکین کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، چئیرمین پی اے سی کے لیے حامد رضا کا نام تجویز

بانی پی ٹی آئی نے سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نامزد کردیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے حامد رضا کی نامزدگی کیلئے اپوزیشن لیڈر عمرایوب کو ہدایات جاری کردیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لئے نامزد کیاتھا۔

اپوزیشن اراکین زین قریشی، شیر افضل مروت اور حامد رضا نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی جس میں پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپوزیشن نے چئیرمین پی اے سی کے لیے حامد رضا کا نام اسپیکر کو تجویز کر دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کا انتخاب قواعد کے مطابق ہو گا، اسپیکر کا چئیرمین پی اے سی کی نامزدگی میں کوئی اختیار نہیں، یہ فیصلہ اپوزیشن نے کرنا ہے، وہ جسے مرضی چاہیں چئیرمین نامزد کریں، میں تو پارلیمانی کمیٹیوں کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتا ہوں۔

اپوزیشن وفد نے اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف سے بھی ملاقات کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔